ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : انجمن الفطرہ اسلامک پری اسکول میں قرآنی تجوید و مخرج کے ساتھ ناظرہ قرآن مکمل  کرنے والے طلبا کے اعزاز میں جلسے کا انعقاد

بھٹکل : انجمن الفطرہ اسلامک پری اسکول میں قرآنی تجوید و مخرج کے ساتھ ناظرہ قرآن مکمل  کرنے والے طلبا کے اعزاز میں جلسے کا انعقاد

Tue, 30 Mar 2021 19:57:30    S.O. News Service

بھٹکل:30؍مارچ  (ایس اؤ نیوز)انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی سرپرستی میں ملت کے نونہالوں کی دینی سطح پر خاص کر قرآن کے متعلق ذہنی تربیت و ایمانی پختگی کی غرض لےکر قائم کئے گئے ’الفطرہ اسلامک پری اسکول ‘ کے ننھے و معصوم بچوں نے قرآنی تجوید اورصحیح مخرج  کے ساتھ قرآن ناظرہ مکمل کرنے پر منگل کو بستی روڈ پر واقع الفطرہ اسکول میں ’’تکمیل القرآن ‘‘جذبۂ ایمانی کو ترغیب دینے والا پررونق جلسہ کا انعقاد ہوا۔

الفطرہ اسکول میں تین سال قرآنی تعلیم مکمل کرنے والی پہلی بیچ کے کل 21نونہالوں کو مہمانوں کی طرف سے قرآن اور میمونٹو پیش کرتےہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔اسی طرح قرآن ناظرہ تکمیل کرنے والے  طلبا نےقرآنی قاعدوں کے ساتھ بالکل  اچھوتے اندا میں خوب صورت آواز میں  سورہ القیامہ کی تلاوت کی۔شاذفہ اکرمی نے اسماء الحسنیٰ کو پیش کیا اور عافرین رکن الدین ،عائشہ رکن الدین نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

 جلسے میں مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی   نے بچوں کی قرآن خوانی اور تلفظ کی ستائش کرتے ہوئے  انجمن کو مبارکباد پیش  کی ، انہوں نے   کہاکہ الفطرہ اسکول کے ننھے ننھے بچوں کو بالکل ابتداء سے ہی ان کے ذہنوں اور دلوں میں اللہ کےکلام کی عظمت اور بڑائی کو بٹھایاجارہاہے اور جس طرح صحیح مخرج کے ساتھ پڑھنےکی تربیت دی جارہی ہے وہ قابل ِتقلید و قابلِ نمونہ ہے۔ مولانا نے کہاکہ بچپن کی تعلیم ہی اصل تعلیم ہوتی ہے۔دراصل بچپن کا علم پتھر کی لکیر ہوتاہے۔ اگر بچوں کے ذہنوں میں دین اسلام کی تعلیم دی جائے تو وہ آخر تک باقی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  انجمن  نے اپنے سوسال مکمل کرنے کے دوران   جو بہترین تحفہ پیش کیا ہے اس پر ہم انجمن کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔مولانا نے اسکول کی  معلمات سے کہا کہ  ہمارے بچے  اور ہمارےہیرے آپ کے پاس ہیں ان کو تراشنا آپ کی اصل ذمہ داری ہے۔دراصل  معلمات کی خدمات اللہ کی طرف سے سونپی گئی اہم  ذمہ داری ہے اس کا مکمل اجر اللہ کے پاس آپ کو ضرور ملے گا۔

جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب قاضی مولانا عبدالرب ندوی قرآن کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ قرآن ہی وہ واحد کتاب ہے جوآج بھی اسی نہج اور مخرج کے ساتھ پڑھایاجاتاہے۔انجمن کے الفطرہ میں  بچپن سے ہی بچوں کو قرآن کو صحیح پڑھنے کی تربیت دینا ایک  مستحسن قدم  ہے۔اس موقع پر مولانا نے  ہرایک کو قرآن سے وابستہ رہنے اور اس پر عمل کرنےکی ضرورت پر زور دیا۔

مولانا علی میاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی تعلیمی خدمات کو سراہتےہوئے کہاکہ  بھٹکل میں جتنے بھی دینی تعلیمی مدرسے قائم ہوئے ہیں ان سب کا سہرا انجمن کو جاتاہے۔ آج بھی انجمن میں قوم کے ساتھ پوری انسانیت کی رہنمائی و رہبری کرنے کی قوت ہے۔ دینی واخلاقی سطح پر انجمن میں وہ قوت ہے جو سارے ملک میں ہی نہیں بلکہ ملک کے باہر بھی اپنی ایک اعلیٰ مثال پیش کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الفطرہ کے ساتھ ساتھ انجمن کے دیگر اسکولوں کے بچےبھی بہترین دینی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔مستقبل میں اپنی نئی نسل کو ایمانی و دینی بنیاد مستحکم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ  گھروں میں مائیں بھی اپنے بچوں کی دینی بنیادوں پر تربیت کریں اور یہی ان کی اصل ذمہ داری ہے۔

جلسے کا آغاز یوسف محتشم کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ خدیجہ حریم رکن الدین نے ہدیہ نعت پیش کی ، محمد اقبال چامنڈی نے استقبال کیا ،  لیول 2کے طلبا نے استقبالیہ ترانہ پیش کیا۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ انجمن پرائمری بورڈ کے سکریٹری آصف دامودی نے الفطرہ کی تین سالہ رپورٹ پیش کی۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر قاضیا مزمل نےصدارت کی۔ میمونہ شفا نے شکرانہ کلمات پیش کئے۔ خیال رہےکہ الفطرہ اسکول کی صدر مدرسہ  محترمہ شہناز جوکاکو کی نگرانی میں ملت کے بچوں کی دینی خطوط پر تربیت کی جارہی ہے۔ 


Share: